Recents in Beach

مطالعہ کرنے کے فوائد و اثرات🕯*

*🕯مطالعہ کرنے کے فوائد و اثرات🕯*
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

1۔   مطالعہ   ذہنی و اخلاقی تربیت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ہم جو کچھ پڑھتے رہتے ہیں، وہ ہمارے دل و دماغ اور جسم و جاں میں رچ بس جاتا ہے اور پھر ہمارے عمل کی صورت میں ظاہر ہونے لگتا ہے۔

2۔   مطالعہ کی عادت انسان کو بہت ساری منفی اور بے فائدہ مصروفیات سے بچا لیتی ہے۔ وقت کو قیمتی بناتی ہے۔

3۔ مطالعہ سے انسان کو   تعلیم اورشعور و آگہی ملتی ہے جو کہ دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔ امام رازی فرماتے ہیں ’’ کتابیں انسان کو حیاتِ فانی میں عزت اورحیات دوامی میں ابدی سکون بخشتی ہیں۔‘‘

4۔ مطالعہ انسان کے حافظہ کو تیز کرتا ہے اور دماغ کو وسعت بخشتا ہے۔
کتب بینی ہماری تنہائی کی بہترین ساتھی اور  ایک اچھی دوست ہے۔ فارسی کا ایک معروف قول ہے کہ
ہم نشینی بہ از کتاب مخواہ کہ مصاحب بودگاہ و بے گاہ۔
ترجمہ:کتاب سے بہتر کوئی ہم نشین تلاش کرنا فضول ہے، یہ ہر موقع پر ہی ساتھی اور رفیق ہے۔
ایک شاعر کہتا ہے
حصول علم ہے ہر اِک فعل سے بہتر
دوست نہیں ہے کوئی کتاب سے بہتر

5. مطالعہ حصول علم کا ایک موثر ذریعہ ہے اور علم بڑی دولت ہے۔

6. تنقیدی اور تحقیقی صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں۔

7. مطالعہ کے ذریعے ہم تاریخ انسانیت کے عظیم لوگوں کے علم، تجربات اور مشاہدات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ مطالعہ کے ذریعے ہم موجودہ اور سابقہ دور کےبلند پایہ مصنفین کےذہنی ہمسفر بن جاتے ہیں۔

8. مطالعہ کے ذریعے خاموش رہنے کی عادت پڑتی ہے جو کہ بذات خود بہت ساری خوبیوں کا سرچشمہ ہے.

9. مطالعہ انسان کی تخلیقی صلاحیت (Creativity) کو پروان چڑھاتا ہے۔

10. اس سے دوسروں کو متاثر کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

11. مطالعہ غم اور بے چینی کو بھلانے کا ذریعہ ہے اور ذہنی تناؤ کو کم کرتا ہے۔

12. مطالعہ ِ کتاب ذریعہ ِانقلاب ہے۔ یہ انسان میں اور دنیا میں مثبت تبدیلی لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔

13. کتابیں بظاہر خاموش مگر الفاظ سے بھرپور ہوتی ہیں اور ان کی آواز سننے کی ایک اپنی ہی چاشنی ہے جو کہ مطالعہ کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔

14. وسیع مطالعہ انسان کی تنگ نظری کو دور کرکے اسے وسعت قلب دیتا ہے۔ جس سے   انسان میں دوسروں کے لیے رواداری اور گنجائش پیدا ہوتی ہے۔

15. مطالعہ کرنےسے انسان دوسروں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتا ہے اور یوں خود ٹھوکریں کھانے سے بچ جاتا ہے۔

16. مطالعہ کے ذریعے ہم گھر بیٹھے دنیا جہاں کی سیر و تفریح کر سکتے ہیں۔ جیسا کہ ایک شاعر نے کیا خوب کہا
بیٹھ کر سیر دو جہاں کرنا
یہ تماشا کتاب میں دیکھا

17. مطالعہ کرتے رہنے سے انسان میں لکھنے کی استعداد بھی پیدا ہو جاتی ہے اور اگرآپ پہلے سے لکھنا جانتے ہیں تو مطالعہ آپ کی تحریر میں مزید شگفتگی اور پختگی پیدا کر دے گا۔

18. مطالعہ کی مدد سے مختلف قسم کے مسائل کا آسان حل مل جاتا ہے۔

19. اپنے بچوں کو مطالعہ پر لگا کر بری دوستی اور صحبت سے بچایا جا سکتا ہے۔

20. مطالعہ کی عادت کسی بھی شعبہ میں ترقی کی ضامن ہے۔

21. گہرے مطالعہ کے ذریعے کسی بھی کام کو زیادہ موثر انداز سے سرانجام دیا جا سکتا ہے۔

22. کتاب ایک بہترین استاد و معلم ہے۔ اس کے ذریعے ہم موجودہ و سابقہ ادوار کے بہترین اساتذہ سے فیض پا سکتے ہیں۔

23. مطالعہ معاشرتی ترقی کا بھی ذریعہ ہے۔ دنیا میں وہی معاشرے ترقی کرتے ہیں جن میں مطالعہ کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔

24. مطالعہ کی مدد سے رزق حلال کمانے کے بہت سارے ذرائع ڈھونڈے جا سکتے ہیں۔

25. مطالعہ انسان کی شخصیت کو پرکشش بنتا ہے۔

26. مطالعہ دماغ کی ورزش ہے جس سے دماغ تیز ہوتا ہے۔

27. مطالعہ سے انسان کی قوت ِ ارتکاز (Focus and concentration) یعنی پوری توجہ کسی ایک کام پر مرکوز کرنے کی صلاحیت بڑھتی ہے جو کہ زندگی میں کامیابی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

28. مطالعے میں ایک خاص لطف و سرور اور چاشنی ہے، جس کے سامنے دنیا کی بڑی بڑی نعمتیں ہیچ ہیں۔ جسے ایک مرتبہ مطالعے کی لذت مل جائے تو پھر وہ انسان عمر بھراس نعمت سے لطف اندوز ہوتا رہتا ہے ۔

29. پڑھنے سے فصاحت و بلاغت کی صفت پیدا ہوتی ہے اور انسان کے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ ہوتا ہے۔ انسان کسی بھی موقع پر اپنا مدعا بہترین انداز سے پیش کرنے کے قابل ہوتا ہے۔

30. مطالعہ سے قوت متخیلہ (The power of imagination) یعنی کسی بات یا واقعہ کی ذہن میں تصویر کھینچ لینے کی صلاحیت نشو ونما پاتی ہے۔

31. مطالعہ ہمیں ذہنی طور پر دوسرے انسانوں سے جوڑتا ہے اور ہم میں ’’ہم احساسی کی صفت‘‘(Empathy) کی صفت پیدا کرتا ہے۔یعنی انسان کوکسی دوسرے کے دکھ درد، اور دیگر جذبات گویا اپنے محسوس ہونے لگتے ہیں۔

32. اضافی مطالعہ کرنے والے افراد سکول و مدرسہ وغیرہ کی پڑھائی میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖➖

Post a Comment

0 Comments